مکہ مکرمہ: وزیر مذہبی امور کا عازمین حج کے لیے قائم اسپتال کا دورہ، سہولیات پر اظہار اطمینان

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے مکہ مکرمہ میں پاکستان حج میڈیکل مشن کے تحت قائم مرکزی اسپتال کا دورہ کیا۔

انہوں نے ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر مکہ فہیم آفریدی کے ہمراہ عازمین حج سے تاثرات بھی لیے۔ اس موقع پر سربراہ حج میڈیکل مشن بریگیڈیئر جمیل لاکھیر نے انہیں اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کروایا اور بریفنگ دی۔

چوہدری سالک حسین نے پاکستانی عازمین حج کے لیے دستیاب طبی سہولیات کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن سے دور ہم زبان معالج کی دستیابی کسی نعمت سے کم نہیں ہے۔ اس سال ٹیسٹنگ سروس کے ذریعے حج میڈیکل مشن میں بہترین ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کا انتخاب کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپتال میں جدید ترین ایمبولینس سروس، لیبارٹری، ایکسرے، فارمیسی، زنانہ و مردانہ وارڈ اور دندان شعبہ موجود ہیں۔ وزیر مذہبی امور نے عازمین حج کو متوازن غذا استعمال کرنے اور ایام حج کے لیے جسمانی طور پر تیار رہنے کی ہدایت دی۔

چوہدری سالک حسین نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حج سخت گرمی کے موسم میں ہو رہا ہے، اس لیے عازمین کرام کو مشروبات اور چھتری کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔

إقرأ أيضا:  حج 2024: مکہ روٹ پروگرام عازمین حج کے لیے آسانیوں کا پیکج

شاهد أيضاً

غلاف کعبہ اونچا کردیا گیا، ٹیم کتنے درجن افراد پر مشتمل تھی؟

بمواسم حج 1445 ہجری کے موقع پر، جنرل پریزیڈنسی برائے امور حرمین شریفین کی ٹیم …