سعودی وزیر حج وعمرہ کے تحت حج 2024 سے متعلق کانفرس میں تیاریوں کا جائزہ

سعودی وزیر حج و عمرہ، ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے انکشاف کیا ہے کہ 1.2 ملین سے زیادہ عازمینِ حج سعودی عرب پہنچ چکے ہیں اور حجاج کرام فراہم کردہ خدمات سے انتہائی مطمئن ہیں۔ یہ سب گزشتہ سال کے حج کے اختتام سے جاری کوششوں کی بدولت ممکن ہوا ہے۔

سعودی حکومت کی تیاری اور وژن 2030

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ریاض میں پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد وزیراعظم محمد بن سلمان کی قیادت میں، سعودی حکومت نے حج سیزن کی جلدی تیاری کرنے اور پچھلے سالوں کے چیلنجوں کو حل کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ یہ کوششیں وژن 2030 کے اہداف کو پورا کرنے کے تسلسل میں ہیں۔

جعلی حج مہموں کے خلاف آگاہی مہم

سعودی وزیر حج و عمرہ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ 20 سے زائد ممالک میں جعلی حج مہموں اور الیکٹرانک فراڈ کے بارے میں آگاہی مہم شروع کی گئی تھی۔ نیز وزارت داخلہ اور متعلقہ اداروں کی شراکت سے ’بغیر اجازت نامہ کے حج نہیں‘ مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔ انہوں نے عازمینِ حج سے درخواست کی کہ وہ حج کے قوانین کی پابندی کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون کریں۔

’مکہ روٹ‘ اقدام

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے چھٹے سال کے لیے جاری رہنے والے ’مکہ روٹ‘ اقدام کا ذکر کیا، جو عازمینِ حج کے سفر کو آسان بنانے کا ایک اہم اقدام ہے۔ اس اقدام کے تحت عازمینِ حج کو سعودی عرب پہنچنے کے بعد کسی دقت کا سامنا نہیں ہوتا، اور وہ براہ راست اپنی رہائش پر جاتے ہیں جہاں ان کا سامان بھی پہنچا دیا جاتا ہے۔ یہ سعودی وزارت داخلہ کا پروگرام ہے جو 7 ممالک میں آپریٹ ہورہا ہے اور اس سال 250 ہزار سے زائد عازمینِ حج کی خدمت کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کی مکمل لاگت سعودی عرب خود برداشت کرتا ہے اور اس پر کوئی اضافی چارجز یا فیس وصول نہیں کرتا۔

إقرأ أيضا:  سعودی عرب: غیرقانونی طور پر حجاج کی منتقلی میں ملوث ملزمان گرفتار

تربیتی کورسز اور رضاکارانہ خدمات

سعودی وزیر حج و عمرہ نے بتایا کہ گذشتہ مہینوں میں 120 ہزار سے زیادہ حج مشن کے کارکنوں اور حاجیوں کے گروپ لیڈروں کو 2500 تربیتی کورسز کے ذریعے متعدد زبانوں میں تربیت دی گئی ہے، جو سعودی عرب اور دیگر ممالک میں منعقد کی گئی تھیں۔ انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ حج کی نظامت میں شامل تمام شعبوں کے کارکن علمی اور عملی اعتبار سے اعلیٰ تربیت یافتہ ہیں اور دن رات اپنی سروسز کی اہمیت اور دینی اور قومی ذمہ داری کو محسوس کرتے ہوئے کام کرتے ہیں۔ ان کی مدد کے لیے 10 ہزار سے زیادہ رضاکار مرد و خواتین میدان میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

مشاعر مقدسہ میں ٹرین کی سہولت

ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے بتایا کہ مشاعر مقدسہ میں ٹرین 72 ہزار مسافروں کی گنجائش کے ساتھ چلائی جائے گی، جو ایک گھنٹے میں 72 ہزار مسافروں کو منتقل کر سکے گی اور مقدس مقامات کے درمیان 350 ہزار سے زائد حاجیوں کی نقل و حمل میں مدد دے گی۔

شاهد أيضاً

مکہ مکرمہ: حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر قائم

خادم حرمین شریفین کے حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر کا قیام …