غلاف کعبہ یا کسوہ کعبہ کو ہر سال زمین سے 3 میٹر اونچا کیا جاتا ہے، اور اس سال بھی حرم شریف کی انتظامیہ نے یہ اقدام دہرایا ہے۔ اس عمل کی وجہ یہ ہے کہ حج کے دوران غلاف کعبہ کو نقصان سے بچایا جا سکے۔
کسوہ کعبہ کی تیاری پورے سال جاری رہتی ہے، اور اس کے لیے مکہ مکرمہ میں ایک مخصوص فیکٹری قائم ہے، جو تاریخی اہمیت کی حامل ہے۔ یہاں پر انتہائی مہارت سے کسوہ کعبہ کی تیاری کی جاتی ہے، اور حرم شریف کی انتظامیہ کے حوالے کیا جاتا ہے۔ محرم کے مہینے میں کسوہ کعبہ کی تبدیلی کا عمل شروع ہوتا ہے۔
تاہم، اس سے پہلے، ذی القعدہ کے نصف میں غلاف کعبہ کو چاروں طرف سے زمین سے تین میٹر اونچا کیا جاتا ہے۔ اس کا بنیادی مقصد حج کے دوران غلاف کعبہ کو نقصان سے بچانا ہوتا ہے۔
حرم کی انتظامیہ نے متعدد بار وضاحت کی ہے کہ بعض عازمین حج برکت کے لیے کسوہ کعبہ کا چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر ساتھ لے جاتے تھے، جس سے غلاف کعبہ کو نقصان پہنچتا اور اس کی خوبصورتی متاثر ہوتی تھی۔ اسی وجہ سے حج کے دوران غلاف کعبہ کو طواف کرنے والوں کی پہنچ سے دور کر دیا جاتا ہے اور حج کے اختتام پر دوبارہ اصل حالت میں بحال کر دیا جاتا ہے۔