سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے کسٹم ڈیکلیریشن کے حوالے سے نئے اصول وضوابط جاری کیے ہیں تاکہ عازمین کرام کی آمدوروانگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔
وزارت حج و عمرہ کے آگاہی سینٹر نے اعلان کیا ہے کہ ایسے عازمین کرام جن کے پاس مملکت میں آمد اور روانگی کے وقت ایسی اشیا ہوں جن کی قیمت 60 ہزار ریال تک ہو، یا اتنی رقم جو 60 ہزار ریال سے زیادہ ہو یا ایسا سامان جو تجارتی مقدار میں ہو جس کی مالیت 3 ہزار ریال سے زیادہ ہو، یا ایسی اشیاء جو ٹیکس کے تابع ہوں، یا وہ اشیاء جن کا درآمد یا برآمد کرنا ممنوع ہو، جیسا کہ آثار قدیمہ وغیرہ، ان کے لیے ڈیکلیریشن فارم بھرنا لازمی ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ڈاٹ کام پر سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ کے آفیشل پیج کی گئی پوسٹ میں عازمین حج کو متنبہ کیا گیا ہے کہ کسٹم ڈیکلیریشن فارم پر دستخط نہ کرنے کی صورت میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نے کسٹم ڈیکلیریشن کے حوالے سے نئے اصول وضوابط اس لیے جاری کیے ہیں تاکہ عازمین اور حجاج کرام کی آمد وروانگی کو محفوظ بنایا جا سکے۔