گلگت بلتستان سے 822 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے

گلگت بلتستان سے 822 عازمین حج مدینہ منورہ پہنچ گئے ہیں، جن میں 159 خواتین بھی شامل ہیں۔ اردن ایریاز ٹرانسپورٹ کارپوریشن (نیٹکو) کے جنرل مینیجر محبوب حسین نے بتایا کہ نیٹکو گلگت بلتستان کے حجاج کی سہولیات کے لیے سرگرم ہے۔

محبوب حسین نے کہا کہ 822 عازمین حج کو 17 بسوں کے ذریعے گلگت بلتستان سے راولپنڈی پہنچایا گیا، جہاں سے وہ مدینہ منورہ بھی پہنچ گئے ہیں۔

عازمین حج کے تاثرات
ایک عازم حج، امتیاز احمد نے وی نیوز سے فون پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ تمام عازمین کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا اور وہ خیر و عافیت سے مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں۔

امتیاز احمد نے کہا کہ مقدس شہر میں روح پرور مناظر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس موقع پر عازمین گلگت بلتستان اور عالم اسلام کی فلاح و سلامتی کے لیے خصوصی دعاگو ہیں۔

عازمین حج کی تجاویز
گلگت بلتستان کے علاقے بگروٹ سے تعلق رکھنے والے مولانا علی محمد شریعتی نے وی نیوز کو بتایا کہ وہ بھی گلگت بلتستان سے مدینہ منورہ پہنچے ہیں اور انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں ہوا۔ تاہم انہوں نے کچھ تجاویز دیں جن پر عمل کرکے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میڈیکل افسران کی تعداد دو ہونی چاہیے تاکہ اگر بیک وقت کچھ عازمین کی طبیعت خراب ہو جائے تو بروقت چیک اپ میں مشکل پیش نہ آئے۔

مولانا علی محمد شریعتی نے کہا کہ لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے روضے کی زیارت کے لیے دور دراز علاقوں سے سفر کرتے ہیں، لیکن مخصوص مقامات کی زیارت نہیں کروائی جاتی اور جگہ جگہ سیکیورٹی نافذ ہوتی ہے، جس کی وجہ سے عازمین کو دور سے ہی واپس بھیج دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیارت کے لیے آزادی دی جائے تاکہ زندگی میں کم از کم ایک بار روزہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت کی حسرت پوری ہو سکے۔

إقرأ أيضا:  مسجد نبویؐ کے صحن میں پُرنم ہوائیں پھیلانے والے پنکھوں میں خاص کیا ہے؟

شاهد أيضاً

روضہ رسولﷺ پر حاضری: ہر مسلمان عاجزی انکساری اور آداب کو ملحوظ خاطر رکھے

خانہ کعبہ کے بعد مسجد نبوی مسلمانوں کے نزدیک سب سے زیادہ فضیلت والا مقام …