روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ: 16 ہزار عازمین حج کراچی سے رخصت کیے جائیں گے، ڈائریکٹر حج

ڈائریکٹر حج کراچی امتیاز علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت 16 ہزار سے زائد عازمین حج کو کراچی ایئرپورٹ سے روانہ کیا جائے گا۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے حوالے سے ایک اجلاس میں انہوں نے کہا کہ تقریباً 15 ہزار عازمین دیگر کمرشل فلائٹس کے ذریعے بھی کراچی ایئرپورٹ سے سفر کریں گے۔

انہوں نے وضاحت کی کہ روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں صرف سرکاری اسکیم کے تحت سفر کرنے والے عازمین حج شامل ہیں جبکہ کمرشل فلائٹس سے سفر کرنے والے عازمین اس میں شامل نہیں ہوں گے۔

کراچی ایئرپورٹ سے پی آئی اے کی سکھر سے 5 اور کوئٹہ سے 21 ٹرانزٹ حج فلائٹس بھی چلائی جائیں گی۔

روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کے تحت سعودی عملے کے لئے بین الاقوامی ڈیپارچر سیٹلائیٹ ایریا میں 8 کاؤنٹرز اور آلات نصب کیے جائیں گے۔

اس پراجیکٹ کے تحت کراچی ایئرپورٹ سے پہلی فلائٹ 9 مئی اور آخری فلائٹ 8 جون کو روانہ ہوگی۔

اجلاس میں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کام کرنے والی تمام ایجنسیوں نے عازمین حج کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کیا۔ اس اجلاس کا مقصد ایئرپورٹ پر حج کے مختلف مراحل کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔

اجلاس میں ایف آئی اے، کسٹمز، اینٹی نارکوٹکس فورس، سی اے اے، ایئرلائنز، گراؤنڈ ہینڈلنگ ایجنسیوں، بارڈر ہیلتھ سروسز اور اے ایس ایف کے نمائندے بھی شریک تھے۔

إقرأ أيضا:  سعودی عرب کے مفتئ اعظم کی عازمینِ کرام کو حج سے متعلق خصوصی ہدایات

شاهد أيضاً

مکہ مکرمہ: حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر قائم

خادم حرمین شریفین کے حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر کا قیام …