پاکستان حج مشن مکہ مکرمہ کے ڈائریکٹر فہیم خان آفریدی نے کہا ہے کہ عازمین حج کو مکہ مکرمہ میں پاکستانی ذائقے اور معیار کے مطابق کھانے کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
کیٹرنگ کمپنیوں کا معائنہ اور سروسز کی تفصیلات
کیٹرنگ کمپنیوں کے معائنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے فہیم خان آفریدی نے کہا کہ تمام رہائشی عمارتوں اور نو کیٹرنگ کمپنیوں میں پاکستانی فوڈ کوآرڈینیٹرز کی 24 گھنٹے تعیناتی کے ذریعے سروس کے معیار کو برقرار رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امسال مکہ مکرمہ میں 70 ہزار سے زیادہ سرکاری عازمین حج کو اوسطاً 27 دن ان کی رہائش گاہوں پر دو وقت کھانے اور ناشتے کی فراہمی کی جارہی ہے۔ سعودی اداروں سے منظور شدہ نو کیٹرنگ کمپنیوں کو پیپرا رولز کے تحت عازمین حج کو خوراک کی فراہمی کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔
کھانوں کی تیاری اور ترسیل
فہیم آفریدی نے بتایا کہ عازمین حج کی حفاظت اور سلامتی کے پیش نظر اور مقامی قانون کے مطابق ان کیٹرنگ کمپنیوں کے کچن شہر سے باہر واقع ہیں۔ یہ کیٹرنگ کمپنیاں روزانہ پانچ تا آٹھ ہزار عازمین کے لیے تین وقت کا کھانا تیار کرکے مخصوص گاڑیوں کے ذریعے متعلقہ رہائش گاہوں تک پہنچاتی ہیں۔ فوڈ کوآرڈینیٹرز حفظانِ صحت کے اصولوں اور پاکستانی ذائقہ کے مطابق کھانے کی بروقت تیاری اور ترسیل کو یقینی بناتے ہیں۔
کھانوں کا معیار اور مینیو
انہوں نے مزید بتایا کہ کسی بھی رہائش گاہ میں موجود پاکستانی عازمین کی اکثریت کے مطابق کھانوں کے مصالحوں کا خیال رکھا جاتا ہے۔ “کراچی، لاہور اور مضافات کے عازمین تیز مصالحہ جات جبکہ پشاور، کوئٹہ اور مضافات کے لوگ معتدل مصالحے پسند کرتے ہیں۔ سروس کے دوران الگ سے مصالحہ جات بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔” وزارتِ مذہبی امور اور پاکستان حج مشن نے گزشتہ سالوں کے تجربات، حجاج کی آراء اور جسمانی ضروریات کے پیش نظر ایک متوازن مینیو تشکیل دیا ہے جس میں گوشت، دالیں، سبزی، چاول، دو قسم کی روٹی، لسی، فروٹ، میٹھا، چائے اور پانی شامل ہیں۔
شکایات کا ازالہ اور انتظامات
فہیم خان آفریدی نے کہا کہ پاک حج موبائل ایپ یا ہیلپ لائن پر کھانے سے متعلق شکایت موصول ہونے پر کیٹرنگ کمپنی سے بازپرس کی جاتی ہے اور فوری ازالہ کیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی سعودی بلدیہ کا ادارہ بھی کیٹرنگ کمپنیوں کے انتظامات، کھانے کے معیار اور حفظانِ صحت کے اصولوں کو یقینی بناتا ہے۔
عازمینِ حج سے اپیل
فہیم خان آفریدی نے عازمین حج سے اپیل کی کہ سروس کو مزید بہتر بنانے کے لیے کیٹرنگ کمپنی کے عملے اور ساتھی حجاج سے تعاون کریں اور نظم و ضبط کا خاص خیال رکھیں۔