حج 2024: سعودی وزارت حج کا عازمین کی آگاہی کے لیے 15 بڑی زبانوں میں عالمی مہم کا آغاز

سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے حج سے متعلق ضوابط پر عملدرآمد کے فروغ اور درست پرمٹ یا ویزے کے بغیر حج کی ادائیگی سے بچنے کے لیے ایک بین الاقوامی آگاہی مہم شروع کی ہے۔ یہ مہم دنیا بھر میں 15 بڑی زبانوں میں شروع کی گئی ہے تاکہ عازمین حج کو مؤثر انداز میں تعلیم اور آگاہی فراہم کی جا سکے۔

آگاہی مہم میں ڈیجیٹل اور روایتی ذرائع ابلاغ کے ساتھ ساتھ 20 بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ضوابط اور ہدایات کی فراہمی شامل ہے۔ سعودی وزارت حج و عمرہ اس سال ضروری آگاہی کے پیغامات کو عازمین تک پہنچانے کے لیے اسلامی مراکز اور اہم شخصیات کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

وزارت نے سعودی فضائی کمپنی کی پروازوں پر بھی حج اور عمرہ چینل متعارف کروائے ہیں جو مکہ مکرمہ کی طرف آنے والے عازمین حج کو مختلف زبانوں میں مناسک حج کی ادائیگی کے حوالے سے تعلیمی مواد فراہم کر رہے ہیں۔

وزارت نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری متعدد پیغامات میں عازمین سے کہا ہے کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے دوران سفر آگاہی گائیڈز کا مطالعہ کریں اور اپنے حقوق و فرائض سے آگاہی حاصل کریں۔ اپنے سفر کا آغاز اپنی پسندیدہ زبان میں حج، عمرہ اور آگاہی چینل کے ذریعے فراہم کیے جانے والے مواد پر عمل کرتے ہوئے کریں۔

سعودی وزارت حج و عمرہ نے اضافی معلومات کے لیے ایک ویب لنک فراہم کیا ہے:
https://www.haj.gov.sa/Guides
جس میں مناسک حج بشمول حج کے مراحل، اوقات اور طریق کار کی آسانی اور سہولت کے ساتھ ادائیگی بارے جامع رہنمائی دستیاب ہے۔

إقرأ أيضا:  عازمین حج کے لیے سعودی حکومت کی جاری اصلاحات مثالی ہیں، وزیر مذہبی امور چوہدری سالک

وزارت نے اپنے پلیٹ فارم پر متعدد وضاحتی گائیڈز بھی فراہم کی ہیں جن میں مسجد الحرام گائیڈ، مسجد نبوی گائیڈ اور مسجد نبوی میں فراہم کردہ خدمات کی گائیڈ شامل ہیں۔

سعودی حکام نے اعلان کیا ہے کہ 24 مئی سے عمرہ پرمٹ کا اجرا بند کر دیا جائے گا جو 20 ذوالحجہ تک جاری رہے گا۔ وزارت کے مطابق صرف حج پرمٹ رکھنے والوں کو ہی مکہ مکرمہ جانے کی اجازت ہوگی۔ پرمٹ کے بغیر صرف وہ غیر ملکی مکہ مکرمہ جا سکتے ہیں جن کا اقامہ مکہ مکرمہ شہر سے جاری کیا گیا ہے۔

شاهد أيضاً

مکہ مکرمہ: حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر قائم

خادم حرمین شریفین کے حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر کا قیام …