عازمین حج کے لیے سعودی حکومت کی جاری اصلاحات مثالی ہیں، وزیر مذہبی امور چوہدری سالک

وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین کی سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ سے ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور حج 2024 کے انتظامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں ایڈیشنل سیکریٹری ڈاکٹر عطاالرحمٰن اور ڈی جی حج عبد الوہاب سومرو بھی موجود تھے۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے عازمین حج کو فراہم کردہ خدمات کے لیے سعودی حکومت کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی عازمین حج کی خدمت میں جدت پسندی خوش آئند ہے اور سعودی حکومت کی جاری اصلاحات مثالی ہیں۔

چوہدری سالک حسین نے مکہ اور مدینہ میں نئے پاکستان ہاؤس سے متعلق مثبت پیش رفت کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی وزارت حج و عمرہ کی قیادت میں خدمات فراہم کرنے والی سعودی کمپنیاں عمدہ کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے 40 ہزار پرائیویٹ عازمین حج کے ٹرانسپورٹ معاہدات زیر التوا ہونے پر تشویش کا اظہار کیا۔ چوہدری سالک نے کہا کہ سعودی وزارت حج نے توقع ظاہر کی ہے کہ حج گروپ آپریٹرز تمام معاہدات اگلے 4 روز میں مکمل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے حج گروپ آپریٹرز کو اصلاحات کرنی چاہییں اور سعودی ہدایات پر من و عن عمل کرنا چاہیے۔ اگر نجی حج گروپ آپریٹرز کی تاخیر کے باعث ان کے حجاج کو زحمت ہوئی تو وزارت ایکشن لے گی۔

إقرأ أيضا:  سعودی عرب، حج قوانین کی خلاف ورزی پر 21 افراد گرفتار

شاهد أيضاً

مکہ مکرمہ: حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر قائم

خادم حرمین شریفین کے حج، عمرہ اور زیارت پروگرام کے لیے میڈیا سینٹر کا قیام …